حکومت نے عمران خان کی سیاسی یلغار پر کافی حد تک قابو پا لیا

December 09, 2022

لاہور (پرویز بشیر ) وفاقی حکومت نے عمران خان کی سیاسی یلغار پر بہت حد تک قابو پا لیا ہے اور اب اس کو صرف معاشی و اقتصادی مشکلات سے نمٹنا باقی ہے۔

چند ہفتوں کے دوران عمران خان کو سیاسی طور پر پے در پے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب دوسرے مرحلے میں عام تاثر ہے کہ انہیں الیکشن کمیشن اور عدالتوں سے مقدمات کا مسلسل سامنا ہے۔

تحریک انصاف کے ورکرز کا جوش و خروش ماند پڑ گیا اور آئندہ ان کیلئے کوئی بڑی مہم جوئی باقی نہیں رہی۔

عمران خان کا اصل ڈراپ سین اس وقت ہوا جب انتہائی اطمینان بخش اور شفاف طریقے سے آرمی چیف اور چیف جوائنٹ آف سٹاف کی تقرری ہو گئی۔

تحریک انصاف کا ڈاؤن فال اس وقت بھی شروع ہوا جب فوج نے اعلانیہ طور پر کہا کہ ان کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں پھر فوج کے اندر سے وہ عناصر بھی چلے گئے جو عمران خان کے پسندیدہ تھے۔