پی ٹی آئی دور میں کرپشن انڈیکس ایسے بڑھا جیسے خلا میں راکٹ جاتا ہے، احسن اقبال

December 09, 2022

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پبلک سیکٹر میں شفافیت لانا ضروری ہے

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں کرپشن انڈیکس ایسے تیزی سے بڑھا جیسے خلا میں راکٹ جاتا ہے۔

اسلام آباد میں گورننس انوویشن لیب کے افتتاح پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سہولت 2018 میں تیار کی تھی لیکن حکومت کی تبدیلی سے منصوبہ رہ گیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جس حکومت نے سب سے زیادہ شفافیت قائم کی اسے چور ڈاکو کہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل نے وزیراعظم کی کردار کشی کی، اب انہوں نے معافی مانگی ہے، ڈیلی میل کو سہولت پچھلی حکومت نے فراہم کی تھی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مینجمنٹ کو درست کرلیں تو دوسرے ملکوں کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں، شفافیت کو نافذ کرنے میں زیادہ مستقل مزاجی سے کام کا اعادہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم شدید مالی بحران کا شکار ہیں، بین الاقوامی سرمایہ کار بھی پاکستان سے دور ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے سرکاری افسروں کو وعدہ معاف گواہ بننے پر زور دیا، اس فضا میں کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پبلک سیکٹر میں شفافیت لانا ضروری ہے، اپنی وزارت کی ویب سائٹ پر ہاٹ لائن قائم کر رہے ہیں۔