سی ڈی اے کا آپریشن، بائی لاز کی خلاف ورزی پر چار فارم ہاوٌسز سیل

December 10, 2022

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے جمعہ کی شب آر چرڈ سکیم مری روڈ میں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کا ارتکاب کرنیوالے چار فارم ہا ئوسز کیخلاف آپریشن کیا اور انہیں سر بمہر کر دیا ان میں پی ٹی آئی رہنما سنیٹر اعظم خان سواتی کا فارم ہائوس نمبر71بھی شامل ہےجو انکی اہلیہ مسز طاہرہ سواتی کے نام پر ہے،اعظم سواتی کو سی ڈی اے اس سے قبل کئی نوٹس جاری کرچکا ہے انہیں فائنل نوٹس جاری کیا گیا تو انہوں نے سول جج اسلام آ باد ثاقب جواد کی عدالت سے حکم امتناعی حاصل کرلیا سول جج نے جمعہ کے روز یہ حکم امتناعی خارج کردیا جس کے بعد سی ڈی اے نے رات گئے آپریشن کیا،سی ڈی اے کے عملہ نے اعظم سواتی کے فارم ہا ئوس کے غیر قانونی شیڈز مسمار کر دئیے اوراراضی پر بنائے گئے گارڈ روم کو نقصان پہنچایا بعد ازاں فارم ہائوس کو سیل کردیا، سی ڈی اے حکام کا موقف ہے کہ اعظم سواتی نے دائیں سیٹ بیک میں غیر قانونی طور پر بیسمنٹ تعمیر کی ہوئی ہے گرائونڈ فلور پر دائیں سیٹ بیک میں غیر قانونی تعمیرات کی ہوئی ہیں ، سی ڈی اے اراضی پر گارڈ روم تعمیر کیا جو غیر قانونی ہے ، انکو 8 اور 29نومبر 2018کو نوٹس دیے گئے کہ وہ رضا کارانہ طور پر غیر قانونی تعمیرات گرادیں ورنہ سی ڈی اے ایکشن لے گا ۔