بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر پر بھارت کو چیلنج کردیا

December 15, 2022

فائل فوٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آواز اٹھا دی۔

سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے خطاب کی ویڈیو شیئر کی جس میں بلاول بھٹو نے سیکیورٹی کونسل کی میٹنگ میں بھارت کو بڑی بڑی باتیں کرنے کے بجائے اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قرارداد پر عمل کرنے کا چیلنج دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے جو عدم توجہ کاشکار رہا ہے جسے پاکستان کثیر الجہتی ایجنڈا سمجھتا ہے اور وہ مسئلہ جس کا حل اسی سیکیورٹی کونسل کا ایجنڈا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر آپ واقعی کثیر الجہتی اداروں اور اس سیکیورٹی کونسل کی کامیابی چاہتی ہیں تو بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے آپ کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی کشمیر کی قرارداد پر عمل کرنے میں مدد کرنی چاہیے۔

وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ یہاں اپنی باتوں سے نہیں اپنے عمل سے یہ ثابت کریں کہ کثیر الجہتی کامیاب ہوسکتی ہے، اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل آپ کی صدارت میں کامیاب ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اپنے عمل سے یہ ثابت کریں کہ بھارت واقعی خطہ میں امن قائم کرنا چاہتا ہے۔