گورنر سندھ کا مقتول لڑکی کے اہلخانہ کو گھر دینے کا وعدہ

December 20, 2022

کراچی کے علاقے اسکیم 33 میں گھر میں قتل اور زیادتی کا نشانہ بنے والی لڑکی کے اہل خانہ کو گورنر سندھ نے اپنی طرف سے گھر دینے کا وعدہ کیا ہے۔

صفورا چورنگی کے رہائشی اپارٹمنٹ کے فلیٹ میں پلمبر نے چند روز قبل 14 سال کی لڑکی کو قتل اور زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

لڑکی کی والدہ نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔

اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، اب عدالت کو فیصلہ کرنا ہے، بچی کے ساتھ ظلم ہوا، وہ ہر طرح سے خاندان کی مدد کریں گے۔

گورنر سندھ سے گفتگو میں لڑکی کی والدہ کا کہنا تھا کہ جس گھر میں بیٹی کا قتل ہوا، اس گھر میں کیسے رہیں کوئی گھر بھی کرائے پر نہیں دے رہا جس پر گورنر سندھ نے لڑکی کی والدہ کو اگلے ہفتے گھر خرید کر دینے کا وعدہ کیا۔