روس کے دیمتری میدودیف کی سال نو پر 10پیشگوئیاں

December 27, 2022

فائل فوٹو

روس کی قومی سلامتی کونسل اور ملٹری انڈسٹری کمیشن کے نائب سربراہ دیمتری میدودیف نے پیشگوئی کی ہے کہ اگلے برس تیل کی قیمتیں ڈیڑھ سو ڈالر فی بیرل تک بڑھ جائیں گی، ایلون مسک امریکا کے صدر بننے میں بھی کامیاب ہوجائیں گے۔

مغربی ممالک کو سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ نے کہا کہ سال نو پر ہر شخص مستقبل کے بارے میں اپنے مفروضے پیش کرتا ہے۔

اس موقع پر میدودیف نے 10 پیشگوئیاں کیں، انہوں نے کہا کہ برطانیہ ایک بار پھر یورپی یونین کا حصہ بن جائے گا، گیس کی قیمت 5 ہزار ڈالر فی ایک ہزار کیوبک میٹر ہوجائے گی۔

میدودیف نے بتایا کہ شمالی آئرلینڈ برطانیہ سے آزادی حاصل کرکے آئرلینڈ کا حصہ بن جائے گا۔

یوکرین کے مغربی علاقوں پر پولینڈ اور ہنگری قابض ہوجائیں گے، جرمنی پر نازی دور کی طرح دائیں بازو کے انتہا پسند حکمرانی حاصل کرلیں گے جو فرانس سے جنگ کا سبب بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں یورپ تقسیم ہوجائے گا جس میں پولینڈ کی تقسیم بھی شامل ہوگی۔

روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ نے امریکا میں خانہ جنگی کی بھی پیشگوئی کی اور دعوی کیا کہ امریکا کی ریاستیں کیلی فورنیا اور ٹیکساس آزاد ممالک بن جائیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایلون مسک امریکا کے صدر بننے میں بھی کامیاب ہوجائیں گے، یورو اور ڈالر کو عالمی سطح پر مسترد کردیا جائے گا۔

میدودیف نے تمام تر منفی پیشگوئیوں کا اختتام اینگلو سیکسن دوستوں کو ہیپی نیو ایئر کہہ کر کیا۔