بے نظیر جمہوری جدوجہد کی معمار تھیں: بلاول بھٹو زرداری

December 27, 2022

فائل فوٹو

وزیرِ خارجہ کے منصب پر فائز پاکستان پیپلز پارٹی کے موجودہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید کا تدبر اور فلسفۂ مفاہمت دنیا کی مشترکہ میراث ہے، وہپاکستان میں جمہوری جدوجہد کی معمار تھیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں اپنی والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15 ویں یومِ شہادت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہآج جمہوری قوتوں کا ایک پیج پر ہونا شہید بے نظیر بھٹو کے نظریے کی کامیابی ہے، تمام جمہوری قوتیں وطن کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم ہر روز شہید بے نظیر بھٹو کو یاد کرتے ہیں، ان کے فکر و وژن سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں، اُنہوں نے ہمیشہ نفرت نہ کرنا اور دوسروں کو معاف کرنا سکھایا۔

انہوں نے کہا ہے کہ شہید بی بی پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے حقوق کی محافظ اور خواتین کی ترقی کی علم بردار تھیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ شہری آزادیوں کی وکیل، وفاقی اکائیوں میں ہم آہنگی اور اتحاد کی داعی تھیں، وہ وفاق کی مضبوط علامت تھیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی شہید بی بی کی سوچ و فلسفے پر کاربند رہتے ہوئے جدوجہد آگے بڑھائے گی اور ملک سے غربت، بھوک اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرے گی۔

وزیرِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم ملک میں رواداری، مساوات اور بھائی چارے پر قائم معاشرہ تشکیل دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔