کل آف دی ایئر 2023, اُجلا قرمزی

January 08, 2023

تحریر: نرجس ملک

ماڈل: فاطمہ نور

ملبوسات: فائزہ مینا کار

آرایش: دیوا بیوٹی سیلون

عکّاسی: عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

ہر سال کی طرح، سالِ رفتہ بھی ورلڈ کلر اتھارٹی ’’ PANTONE‘‘ نے دسمبر کے اوائل میں’’کلر آف دی ایئر 2023ء ‘‘ کا انتخاب کیا اور سیکڑوں، ہزاروں رنگوں میں سے جو ایک بہت ہی مختلف و منفرد، حسین و دل کش سا رنگ ’’سالِ نو 2023ء‘‘ کا رنگ ٹھہرا، وہ ہے ’’ VIVA MAGENTA‘‘ یعنی چمکتا دمکتا، بہت نکھرا سُتھرا، روشن اُجلا سا قرمزی رنگ۔ اس رنگ سے متعلق ورلڈ کلر اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’’دراصل یہ کرمسن ریڈ ٹون، ٹھنڈے اور گرم کا ایک بہترین توازن ہے۔

ہم ہر سال ایک ایسے رنگ کو نمایاں کرتے ہیں کہ جو زندہ ثقافت کی بہترین عکّاسی کرتا ہو اور وائی وا میجنٹا ایک ہائبرڈ شیڈ ہے، جو فزیکل اور ڈیجیٹل دنیا میںہمارے وجود، ہمارے ہونے کو ثابت کرے گا۔ کیوں کہ یہ رنگ اگر ایک طرف بہت بولڈ، طاقت وَر، جان دار و شان دار ہے، جذبات و احساسات کے بہترین اظہار کی طاقت رکھتا ہے، تو دوسری جانب اتنا ہی دل آویز دل نشین بھی ہے۔ ہمارے کلر ایکسپرٹس کا ماننا ہے کہ یہ رنگ وارڈ روب سے گھروں کی راہ داریوں تک کو خوش رنگ و خوش نُما کردینے کی صلاحیت سےمالامال ہے کہ اس کے تو نام ہی سے سلیبریشن، جشن کی لَو جلتی، روشنی نکلتی سی محسوس ہوتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ رنگ سال کے افق پر بہت گہرے و دیرپا اثرات مرتّب کرے گا۔‘‘

دیکھا جائے تو بنیادی رنگ تو صرف تین ہی ہیں۔ سُرخ، پیلا اور نیلا۔ اور باقی یہ سارا رنگا رنگ جہاں پھر اِن ہی کا طفیلی، مرہونِ منّت ہے، تو قرمزی رنگ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہ بنیادی رنگ سُرخ کے قریب ترین ہے۔ اور یہ شربتی، تربوزی، اناری، کچناری، روبی، کسم، بنفشی، شنگرفی، آتشیں، احمریں رنگ اور شفق کی لالی و سُرخی، ارغوان، بیربہوٹی سب گویا اِسی کے عکس و آہنگ ہیں۔ شعلۂ جوّالا سا یہ رنگ اپنی ہیئت میںایک ایسا جیتا جاگتا، ہنستا بولتا، گاتا گنگناتا رنگ ہے کہ پھر اِسےپسند کرنے، اپنانے والے کی بھی خُوش پوشی و خُوشمزاجی مسلّمہ ٹھہرتی ہے۔

یہ گلاب کا رنگ ہے، شباب کا رنگ ہے۔ محبّت و چاہت، خلوص و اپنائیت، حُسن و جمال، یاری دوستی، تپاک و گرم جوشی، جوش و جذبات، شدّت و حدّت اور سوزِ عشق کا رنگ ہے۔ جہاں تک اس رنگ کے خواص و خصوصیات کا تعلق ہے، تو رنگوں کا علم رکھنے والے کہتے ہیں کہ قرمزی رنگ پسند کرنے والےعموماً بہت زندہ دل، زندگی سے بھرپور ہوتے ہیں۔ یہ افراد تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال فن کارانہ ذہن رکھتے ہیں اور اس رنگ سے محبّت رکھنے کا مطلب ہے کہ آپ بہت خوش مزاج، پُرامید، ہم درد و مہربان، دوسروں کا خیال رکھنے اور تعمیر و ترقی کی ترغیب دینے والے انسان ہیں۔

اپنی بےساختہ اور جذباتی فطرت کے باوجود آپ خاصے عام فہم اور عملی ہیں، تو ایک آزاد روح ہونے کے باوجود بہت منظّم بھی ہیں، مگر زندگی کے کسی بھی معاملے میںکنزرویٹو یا محدود رہنا پسند نہیںکرتے۔ اس رنگ میں اتنی توانائی، اتنی کششہے کہ اس کا چاہنے والا، بہت چاہ کر بھی خُود کو کسی ہجوم میںالگ تھلگ نظر آنے، ممیّز و ممتاز ہونے سے نہیںبچاسکتا۔ یہ دراصل زندگی میںاپنی راہوں کے خود تعیّن کرنے، سوتی یا جاگتی آنکھوں سے دیکھے گئے اپنے خوابوں کو تعبیر دینے والوں کا رنگ ہے۔

نسبتاً پُراسرار، دبنگ، غیر روایتی، غیر جارحانہ اور خُود کو منوانے، تسلیم کروانے والا یہ رنگ نیلے، ہلکے نیلے، بنفشی اور سُرخ رنگوں کے امتزاج سے تخلیق کیا گیا اور اس کا نام 1859ء میں ایک اطالوی شہر، میجنٹا کے نام سے اخذ کیا گیا۔ بعدازاں، فیشن انڈسٹری کے مقبول ترین رنگوں میں شمار ہونے لگا۔ فیشن ڈیزائننگ سے وابستگی رکھنے والوں نے اِسے سُرمئی، سفید اور سیاہ کے ساتھ ایک حیرت انگیز اور آئیڈیل امتزاج قرار دیا۔

نیز، رنگوں کا علم رکھنے والے فیشن نگری کے کچھ کرتا دھرتائوں کے میجنٹا رنگ سےمتعلق کچھ اقوال بھی ہیں۔ مثلاً ’’یہ رنگ جذبات و احساسات کی بہترین ترجمانی کی صلاحیت رکھنے کے باعث میرے پسندیدہ ترین رنگوں میںشمار ہوتا ہے۔‘‘ ، ’’کینڈی ایپل ریڈ رنگ میرا فیوریٹ رنگ ہے، کیوں کہ یہ کسی بھی تقریب میںپہننے کے لیے ایک زبردست، طاقت وَر رنگ ہے۔ تب ہی خریداری کے وقت میری پہلی نگاہ اِسی رنگ کی طرف جاتی ہے۔‘‘ ، ’’محبّت ایک قوسِ قزح کی مانند ہے، جس میں سات رنگ اور پھر اِن رنگوں کے کئی شیڈز جھلکتے ہیں، لیکن اظہارِ محبّت کے لیے ہمیشہ میرا پہلا انتخاب میجنٹا رنگ ہی رہا۔‘‘ ، ’’جسے زندگی، خُوب صُورتی پسند ہے، پھر ممکن ہی نہیںکہ میجنٹا رنگ اُس کا مَن پسند نہ ہو۔‘‘، ’’اگر آپ دنیا سے کچھ الگ، منفرد نظر آنا چاہتے ہیں، تو پھر آپ کو میجنٹا رنگ کی طرف جانا چاہیے۔‘‘ ، ’’ایک کلر بلائنڈ سوسائٹی کے لیے میجنٹا سا بہتر انتخاب کوئی نہیںہوسکتا۔‘‘ ، ’’میجنٹا دراصل ایک نسوانی رنگ ہے اور دنیا میں جتنے نسائی رنگ ہے، اُن کی ایک اضافی خاصیت یہ بھی ہے کہ وہ پیار و محبّت، خلوص و وفا اور ممتا کے جذبات سے بھی لب ریز ہوتے ہیں۔‘‘

قصّہ مختصر، ہماری آج کی بزم سالِ نو کے رنگ، کلر آف دی ایئر 2023ء ہی کے کچھ حسین و جمیل سےشیڈز سے مرصّع ہے، ساتھ میجنٹا کے آئیڈیل امتزاجات یعنی سیاہ اور سفید کا کامبی نیشن بھی موجود ہے۔ وہ کیا ہے کہ ؎ قرمزی کرنوں کے دامن میں.....کوئی جائےپناہ ہو.....کُنج ہو.....کلیوں کا آنگن ہو.....کوئی صحرا ہو، نخلستان ہو.....بے آب دریا ہو۔ اور ؎ گرم لہو کا سونا بھی ہے، سرسوں کی اجیالی میں.....دھوپ کی جوت جگانے والے، سورج گھول پیالی میں.....شعلہ در شعلہ سُرخی کی موجوں کو تہہ دار بنا.....وہ جو اِک گہرائی سی ہے، رنگِ شفق کی لالی میں۔ تو رواں برس کے لیے آپ کا ایک دیرینہ مسئلہ تو حل ہوا، کسی بھی اہم تقریب میں شرکت کےلیےمیجنٹا رنگ سےبہتر انتخاب تو کوئی ہو ہی نہیںسکتا اور پھر عمومی طور پر بھی سال کے افق پر یہی رنگ چھایا رہے گا۔