توانائی کی وزارت بے سدھ ہو چکی ہے، حماد اظہر

January 23, 2023

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ توانائی کی وزارت بے سدھ ہو چکی ہے۔

اپنے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ پاور ڈویژن ذرائع بتاتے ہیں محکمہ ابھی تک خرابی کی نوعیت اور حل سے لاعلم ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ 10ہزار میں سے صرف 750 میگا واٹ بجلی بحال ہوئی لیکن وہ بھی مستحکم نہیں۔

واضح رہے کہ ملک کے بڑے حصے میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن ہے، وزير توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ رات تک ملک بھر میں بجلی بحال کر دی جائے گی۔

ملک بھر میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے بعد پورا ملک اندھیرے میں ڈوب گیا، صبح سات بج کر 34 منٹ پر ہونے والے بجلی بریک ڈاؤن نے پورا ملک ہی لپیٹ میں لے لیا۔

بریک ڈاؤن کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگیا، بریک ڈاؤن کو 10 گھنٹے گزرنے کے بعد وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر نے کہا آج رات بجلی بحال کردیں گے مگر یہ سب کیوں ہوا ابھی تک کچھ واضح نہیں، وزیر اعظم کی ہدایت پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

بریک ڈاؤن کے ڈیڑھ گھنٹے بعد اسلام آباد اور پشاور میں جزوی طور پر دو گھنٹے تک بجلی بحال ہوئی مگر سسٹم پھر بیٹھ گیا، شام ساڑھے پانچ بجے سے راولپنڈی، اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور جہلم سمیت ملک کے بعض علاقوں میں جزوی طور پر بجلی بحالی کا عمل جاری ہے۔