پیغام پاکستان کو پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے گا، اعلامیہ

January 23, 2023

کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ طاقت کی بنیاد پر دوسرے پر اپنا نظریہ مسلط کرنے کی روش غیر شرعی ہے۔

پیغام پاکستان کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کرایا جائے گا اور ملک میں بطور پالیسی نافذ کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ہونے والی پیغام پاکستان قومی کانفرنس کا اعلامیہ سامنے آیا ہے، جس میں کہا کہ کسی بھی نام نہاد دلیل پر پاکستان کی اسلامی حیثیت سے انکار درست نہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پیغامِ پاکستان قرآن اور سنت، دستور پاکستان اور قوم کی اجتماعی سوچ کا عکاس ہے، جسے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کرایا اور ملک میں بطور پالیسی نافذ کیا جائے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ حکومت فوج یا سیکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں کو غیر مسلم قرار دینا، شریعت اور قانون کی خلاف وزری ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت فوج یا سیکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں کے خلاف مسلح کارروائی بھی شریعت اور قانون کی خلاف وزری ہے۔

پیغام پاکستان کانفرنس کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ نفاذ شریعت کے نام پر طاقت کا استعمال یا ریاست کے خلاف محاذ آرائی حرام ہیں۔

اعلامیے کے مطابق دہشت گردی کےخلاف جنگ میں علماء اور مشائخ ریاست، پولیس، فوج اور تمام اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، لسانی علاقائی، مذہبی بنیادوں پر ریاست کے خلاف مصروف گروہ شرعی احکامات کی خلاف وزری کر رہے ہیں۔

کانفرنس کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ طاقت کی بنیاد پر دوسرے پر اپنا نظریہ مسلط کرنے کی روش غیر شرعی ہے، دہشت گرد اور فرقہ ورانہ تنظیموں کی طرف سے نام نہاد جہاد غیر شرعی ہے۔