بجلی کا تاریخی بریک ڈاؤن، بحالی آپریشن جاری

January 24, 2023

فائل فوٹو

ملک میں بجلی کے تاریخی بریک ڈاؤن کے بعد بحالی آپریشن جاری ہے، مختلف شہروں میں بجلی جزوی طور پر حال کردی گئی ہے۔

24 گھنٹے بعد کراچی، پشاور، لاہور، ملتان، فیصل آباد، منڈی بہاوالدین، بھکر، مظفرآباد سمیت کئی شہروں میں بجلی بحال ہوگئی ہے جبکہ ملک بھر میں بجلی کی بحالی آج دوپہر تک ہونے کا امکان ہے۔

بجلی بریک ڈاؤن کے دوران سیالکوٹ میں موم بتی سے گھر کو آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانببجلی کی بندش سے ملک بھر میں صنعتوں کا کام ٹھپ ہوگیا، مختلف اسپتالوں میں آپریشن ملتوی کردیے گئے، دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی بندش پر نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔

وزير مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کہتے ہیں بجلی کا بریک ڈاؤن انفرااسٹرکچر کی کمزوری کا نتیجہ ہے، ہم نے بجلی کی پیداوار میں تو اضافہ کرلیا مگر بجلی کی ٹرانسمیشن سسٹم کو مضبوط نہ بنا سکے۔