یتیم بچوں کی کفالت کیلئے ہر ممکن تعاون کرینگے، اماراتی سفیر

January 25, 2023

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے گذشتہ روز پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ جس میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن راشد العلی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ، سفیر نے سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات کی،بچوں نے پاکستانی ثقافت کی رنگا رنگ پرفارمینس سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور سماں باندھ دیا، اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر بچوں میں گھل مل گئے، تقریب میں سویٹ ہوم کیڈٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی مثالی دوستی اور تعلقات کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے سفیر عبید الزعابی کا کہنا تھا مجھے معلوم نہیں تھا کہ پاکستان میں اتنے بڑے پیمانے پر ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کا عظیم کام جاری ہے،یہاں آکر بےحد خوشی اور دلی سکون ملا،بچوں سے مل کر بےحد متاثر ہوا ہوں ، انکے جذبے، حوصلے اور اعتماد نے دل جیت لیا ، یقیناً زمرد خان خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اس عظیم مشن کا بیڑا اٹھایا ، متحدہ عرب امارات کی حکومت زمرد خان کے اس عظیم مشن میں انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔