کراچی: منشیات سپلائی میں برقع پوش خواتین کا گروہ ملوث، ایک ملزمہ گرفتار

January 25, 2023

کراچی شرقی میں تھانہ ٹیپو سلطان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے برقع پوش منشیات فروش خاتون کو گرفتار کرلیا۔

خاتون ملزمہ کے قبضے سے ساڑھے تین کلو سے زائد منشیات بھی برآمد کی گئیں۔

ایس ایس پی شرقی رحیم شیرازی کے مطابق ملزمہ ناہید کو پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں چنیسر ہالٹ ریلوے پھاٹک سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمہ مختلف علاقوں میںمنشیات سپلائی کرنے میں ملوث رہی ہے۔

ایس ایچ او تھانہ ٹیپو سلطان کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزمہ منشیات سپلائی کرنے جا رہی تھی۔

ایس ایچ او کے مطابق گرفتار ملزمہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں منشیات سپلائی کے دھندے میں اور بھی کئی برقع پوش خواتین ملوث ہیں۔

ملزمہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ دلشاد عرف مامی نامی عورت منشیات فروش خواتین کے گروہ کی سرغنہ ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمہ برآمد ہونے والی چرس دلشاد اور مامی کے اڈے سے لے کر سپلائی کیلئے جا رہی تھی۔

ملزمہ کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کرکے شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے۔