عمران کو خان نہیں کہوں گا: بہر مند تنگی

January 26, 2023

پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہر مند تنگی—فائل فوٹو

سینیٹ کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہر مند تنگی کی بات پر پی ٹی آئی کے ارکانِ سینیٹ نے اظہارِ ناراضی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔

بہر مند خان تنگی نے ایوانِ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران کو خان نہیں کہوں گا۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ عمران کو خان کہنا پٹھان کی توہین ہے۔

بہر مند تنگی کے اس بیان پر پی ٹی آئی کے ارکان نے شور شرابہ کیا اور ایوان ایک بار پھر مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔

اس سے قبل آج سینیٹ کے اجلاس ہی کے دوران پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہر مند تنگی اور پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔

سینیٹ کے اجلاس میں قائدِ حزبِ اختلاف شہزاد وسیم کے اظہارِخیال کے دوران حکومتی ارکان نے شور شرابہ کیا ہے۔

بحث مباحثے کے دوران بہر مند تنگی نے سیف اللّٰہ ابڑو سے مخاطب ہو کر کہا کہ تم زرداری کے جوتے کے برابر نہیں ہو۔

پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان بھی نشست سے کھڑی ہو گئیں جس کے ساتھ ہی ایوان میں خوب شور شرابہ ہوا۔