ڈالر بے لگام، 260 کا ہوگیا، ایک ہی دن میں 28.50 روپے کی لمبی چھلانگ لگادی، سونا بھی تاریخی مہنگا

January 27, 2023

کراچی ( سہیل افضل ) پاکستان میں ڈالر بے لگام ‘قیمت 260روپے ہوگئی‘ عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف )کے دباؤ پر ڈالر کی مارکیٹ کے مطابق ایڈجسٹمنٹ، انٹر بینک میں عائد غیر اعلانیہ کیپ ختم ہوتے ہی ایک ہی دن میں ڈالر کی لمبی چھلانگ‘ انٹر بینک میںامریکی کرنسی کی قیمت میں 28.50 روپے تک کا ریکارڈ اضافہ

اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 19.60 روپے تک مہنگا ہو گیا جس سے ایک دن میں پاکستان کے قرضوں میں بھی تقریباً2800 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا۔ عالمی مارکیٹ میں اضافے اور روپے کے مقابلے پر ڈالر کی قیمت میں بڑھنے کے باعث مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 4900 روپے فی تولہ کے اضافے سے بڑھ کر ایک لاکھ 95ہزار 500 روپے فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمت 4201 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 67 ہزار 610 روپے ہو گئی ہے ،جبکہ 50 روپے فی تولہ کے اضافے سے چاندی کی قیمت بھی 2150 روپے فی تولہ ہو گئی ہے‘واضح رہے کہ یہ ملکی تاریخ میں سونے اور چاندی کی قیمت کا نیا ریکارڈ ہے۔

ادھرحکومت کی جانب سےآئی ایم یف شرائط کی منظوری کے اشارے ملتے ہی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ گیا‘بڑے پیمانے پر خریداری سے مارکیٹ میں زبردست تیزی،کے ایس ای100انڈیکس میں 1062 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ‘40846پر پہنچ گیا‘72.19 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی

مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 116ارب 87 کروڑ 32 لاکھ روپے کا اضافہ، کاروباری حجم مزید 35.11 فیصد زیادہ رہا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف شرائط کے تحت ڈالر کی فری فلوٹ پالیسی اپناتے ہوئےاوپن مارکیٹ کے بعد انٹر بینک میں بھی عائد غیراعلانیہ کیپ ختم کر دیا جس سے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 25 روپے کے اضافے سے 231.00 روپے سے بڑھ کر 256.00 روپے اور قیمت فروخت 28.50 روپے کے اضافے سے 231.50 روپے سے بڑھ کر 260.00 روپے ہو گئی

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت خرید 19.40 روپے کے اضافے سے 240.60 روپے سے بڑھ کر 260.00 روپے اور قیمت فروخت 19.60 روپے کے اضافے سے 243.00 روپے سے بڑھ کر 262.60 روپے ہو گئی ہے۔