مریم کی ساڑھے 3 ماہ بعد وطن واپسی، بدھ سے پنجاب بھر کے دوروں کا اعلان، اپنی حکومت توڑنے والا اب رو رہا ہے، سینئر نائب صدر ن لیگ

January 29, 2023

لاہور (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی سینئرنائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ اپنی حکومتیں توڑنےوالاآج خودرورہاہے، (ن) لیگ ایک پہاڑ کی طرح ہے اس سےگرنے والا پتھرسے زیادہ نہیں ہوگا، قائد (ن) لیگ کیخلاف سازشیں کرنے والےانجام کو پہنچے، نواز شریف کو مہنگائی کا احساس ہے وہ جلد واپس آئینگے اورملک ترقی کریگا، ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، (ن) لیگ بھاری اکثریت سے جیتے گی، مجھے نئی ذمہ داری ملی،آرام سےنہیں بیٹھوں گی،یکم فروری سے پنجاب کے ہر ضلع کادورہ کرونگی،نواز شریف کی 9 سالہ کارکردگی نکال دیں تو پاکستان میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں ملے گا،8ماہ کا بعد میں پہلے پچھلے 4سال کا احتساب ہو گا،اسحاق ڈارپریقین رکھیںمعیشت بہترہوگی، کسی کی سزا پر خوش نہیں، عمران خان اوراسکے حواریوں کیساتھ جو ہوگاوہ مکافات عمل کہلائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں ساڑھے تین ماہ قیام کےبعدوطن واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پرجلسے سے خطاب اور ایک انٹرویو میں کیا۔ مریم نواز نے استقبال کیلئےآنیوالےکارکنوں کاشکریہ ادا کیا۔ انہوں نےکہا کہ نواز شریف نے مجھے کہا لاہور پہنچ کر سب کو میرا پیار بھرا سلام کہنا ، آپ کو خوشخبری سنا دوں نواز شریف بہت جلد آپکے درمیان موجود ہو گا، نواز شریف 3دفعہ حکومت میں آئے لیکن انہوں نے حکومت سے نکال دیا، دو دفعہ ملک سے نکال دیا لیکن آج بھی نواز شریف اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔مریم نواز نے کہا کہ مجھے جو نئی ذمہ داری ملی ہے، اسکے بارے میں کارکنوں، عوام اور پارٹی سے وعدہ کرتی ہوں کہ ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔جولائی 2017میں ترقی کرتے ہوئے پاکستان میں نواز شریف کو ایک اقامے پر نکال دیا، وہ قومی سانحہ تھا، 28 جولائی 2017پاکستان کا بہت بڑا سانحہ تھا، وہ دن ہے اور آج کا دن ہے پاکستان سنبھل نہیں رہا ہے۔انکا کہنا تھا کہ جب تک قوم کو مشکل سے نہیں نکالینگے، اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے ہیں، نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف نے ان سے انتقام نہیں لیا لیکن اللہ کے حساب اور کتاب کا نشانہ بنے ہو، مجھے احساس ہے، نواز شریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، بجلی، گیس اور روٹی مہنگی ہے لیکن قوم سے وعدہ ہے کہ نواز شریف ہی تھا جس نے قوم کو مشکل سے نکالا اور تین دفعہ ملک کو ترقی پر ڈالا تو امید رکھنا ترقی کرتا پاکستان بہت جلد واپس آئیگا، نواز شریف کو محض ایک اقامے پر باہر کر دیا ہے، جسکی 9 سال کی کارکردگی کو اگر پاکستان کی 75سالہ ترقی سے باہر نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔ سمجھ نہیں آتا کہ نواز شریف کو نااہلی یا اہلیت کی سزا ملی، وہ دن دور نہیں جب نواز شریف کی قیادت میں یہ ملک ایک بار پھر آگے بڑھے گا۔عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت بھی خود توڑدی اور روبھی خود رہا ہے، عمران خان رونے کی تیاری کرلو، اب باقی زندگی رونا پڑے گا، میرے شیر الیکشن سے نہیں ڈرتے، الیکشن جب بھی ہو گا مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ آج اس شخص کو مہنگائی کا خیال آرہا ہے جو اپنے دور میں فرعونیت سے کہتا تھا کہ مہنگائی کا تو مجھے ٹی وی سے پتا چلا ہے، پرچیاں پڑھ پڑھ کر چیزوں کی قیمتیں بتاتا تھا۔ 8ماہ کا حساب بعد میں ہوگا پہلے پچھلے 5 سال کا حساب ہوگا، 4سال کی نااہلی اور نالائقی اور غفلت نے معیشت کو آج جس حالت میں پہنچایا ہے، کچھ وقت لگے گا، اسحاق ڈار پر اعتماد کرو ان شااللہ معیشت کو اس گرداب سے نکالیں گے، مسلم لیگ(ن) کو طعنے دینے والو سن لو، ابھی چند دن پہلے اپنی حکومت بھی خود توڑی اور رو بھی خود رہا ہے، چند دن پہلے تک پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ان کی حکومت تھی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آج بھی ان کی حکومت ہے اور الزام مسلم لیگ(ن) کو دیتا ہے لیکن لوگ بے وقوف نہیں ہیں۔ جن حکومتوں کے بل بوتے پر یہ اپنا خرچہ چلاتا تھا، ہیلی کاپٹر میں پھرتا تھا اور سکیورٹی استعمال کرتا تھا لیکن آج رو رہا ہے۔ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، پنجاب میں الیکشن جس دن بھی ہونگے مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے جیتے گی، مریم نواز نے اپنی سرجری کے حوالے سے بتایا کہ میرا گلہ خراب ابھی سرجری کو زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں، میری سرجری تین گھنٹے میں ہوئی اور ڈاکٹر نے بتایا بال بال بچی ہو اور کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ان کو پچھلے 5سال سے پتا تھا کہ میری سرجری ہونے والی ہے اور وہ سرجری دنیا کے دو ممالک میں ہوتی ہے لیکن انہوں نے مجھے پاسپورٹ نہیں دیا اور اللہ کا شکر ہے میں نے ان سے پاسپورٹ نہیں مانگا۔ اللہ کا شکر ہے ظلم اور جبر کے باوجود انکے آگے جھکنے نہیں دیا اور آج ظلم اور انتقام کا نشانہ بنانے والوں کو کہتی ہوں ذرا حوصلہ کرو، ٹی وی اسکرین پر ان کو روتے دیکھتی ہوں تو ان پر ترس آتا ہے لیکن حوصلہ کرو۔ مریم نواز نے کہا کہ اب میں یکم فروری سے پنجاب کے تمام اضلاع میں جاؤں گی اور اس کا شیڈول بن گیا ہے۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز لندن میں تقریباً ساڑھے تین ماہ قیام کے بعدگزشتہ روز( ہفتہ) کو واپس پاکستان پہنچیں۔ وطن واپس پہنچنے کے بعد مریم نواز نے ٹویٹ کیا’’ پاک سر زمین شاد باد‘‘۔مریم نواز گزشتہ سال اکتوبر میں اپنا پاسپورٹ واپس ملنے کے ایک روز بعد پاکستان سے لندن روانہ ہوئی تھیں۔ قبل ازیں ایک انٹرویو میں مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان اور اس کے حواریوں کے ساتھ جو ہوگاوہ مکافات عمل کہلائے گا،ماضی کی طرف دیکھتے ہیں تو خوف آتا ہے کہ کس طرح انتقام کا نشانہ بنایا گیا،نواز شریف جلد وطن واپس آ رہے ہیں۔ پارٹی کو متحرک کرنے اور اراکین کو متحد کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ شاہد خاقان کی پارٹی اور نواز شریف سے وابستگی پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا، تاہم مفتاح اسماعیل سے متعلق گفتگو نہیں کرنا چاہتی، پارٹی پہاڑ کی مانند ہے، جو اس سے گریگا وہ پتھر سے زیادہ نہیں ہوگا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی کی طرف دیکھتے ہیں تو خوف آتا ہے کہ کس طرح انتقام کا نشانہ بنایا گیا، میں کسی کی سزا پر خوش نہیں ہوتی، عمران خان نے سیاسی مخالفین کے ساتھ جو کچھ کیا، اس کی سزا قانون فطرت سے ملے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور اسکے حواریوں کے ساتھ جو ہوگا، مکافات عمل کہلائے گا۔والد سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مریم کا کہنا تھا کہ لندن میں والد کے پاس دن رات پلاننگ اور ٹریننگ کا موقع ملا، نواز شریف وطن واپسی کے لیے تیاری کر رہے ہیں، نواز شریف جلد وطن واپس آ رہے ہیں، حتمی واپسی فلائٹ بکنگ پر ہی سامنے آئے گی۔