نتن یاہو کا فلسطینیوں پر شب خون، اسرائیلیوں کو اسلحہ فراہم کرنے کا اعلان

January 30, 2023

کراچی، رملہ (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادکاروں کو مسلح کرنے کے منصوبے کا اعلان کردیا، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید دو فلسطینی شہید ہوگئے ، اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی شہریوں کیلئے آتشی اسلحے کا حصول آسان بنایا جائیگا، اسرائیلی شہریوں کو اسلحہ لائسنس کا عمل تیز کردیا جائے گا، اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے مقبوضہ مغربی کنارے میں نئی غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کیلئے نئے اقدامات کا وعدہ کیا ہے، یہ اعلانات ایک ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب نیتن یاہو کی انتہا پسند حکومتی کابینہ نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں ہونے والے دو حالیہ حملوں پر سکیورٹی اجلاس منعقد کیا ہے، اسرائیلی فوجی نے غیر قانونی یہودی بستی قیدومم کے قریب ایک فلسطینی نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا جبکہ جنین میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور فلسطینی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا ، اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ فلسطینی نوجوان مسلح تھا، فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ قیدومم میں یہودی بستی ایک فلسطینی کی پراپرٹی پر بنائی گئی ہے، فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق رواں برس اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کے دوران 34 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جنین پر اسرائیلی حملے میں زخمی ایک اور فلسطینی نوجوان بھی زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگیا ہے، اس سے قبل اس حملے میں 9 دیگر فلسطینی شہید ہوگئے تھے، اسرائیل کی نئی کابینہ میں قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گوئر اور نئے وزیرخزانہ بیذالل اسموٹرچ دونوں ہی مقبوضہ مغربی کنارے میں نئی یہودی بستوں کی تعمیر اور فلسطینیوں کی زمین ہتھیائے جانے کے حامی ہیں اور فلسطینیوں کیخلاف تشدد کے لئے دونوں ہی بدنام ہیں، یہ دونوں وزراء مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی یہودی بستیوں میں رہائش پذیر ہیں، اسرائیلی شہر ہائیفہ میں رہائش پذیر خاتون تجزیہ کار دیانہ بوتو نے قطری نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی حکومت میں ایسا بندہ قومی سلامتی کا وزیر ہے جو فلسطینیوں کے قتل عام کا ارادہ رکھتا ہے اور ایک ایسا وزیر بھی ہے جو یہ واضح کرچکا ہے کہ یہاں رہائش پذیر فلسطینی عارضی طور پر مقیم ہیں اور ایک ایسا وزیراعظم جو یہ واضح کررہا ہے کہ وہ اپنی عوام کو مسلح کررہا ہے اور یہ بھی واضح کررہا ہو کہ وہ فلسطینوں کو قتل ہونے سے بچانے کیلئے کچھ نہیں کرے گا۔