’پٹھان‘ کے احترام میں’شہزادہ‘ کی ریلیز تاخیر کا شکار

January 31, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کی باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا سلسلہ ریلیز کے چھٹے روز بھی جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، فلم ’پٹھان‘ مجموعی طور پر دنیا بھر سے اب تک 600 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔

ایک رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فلم کی باکس آفس پر اس شاندار کامیابی کو دیکھتے ہوئے کارتک آریان کی فلم ’شہزادہ‘ کو ایک ہفتے کی تاخیر سے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

فلم شہزادہ کے پروڈیوسر امان گل نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ جی ہاں، ہم نے فلم کی ریلیز کو ملتوی کر دیا ہے، کارتک اور میں شاہ رخ خان کی بہت عزت کرتے ہیں اور ان سے بہت محبت کرتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ اگر ہم اپنی فلم کو ایک ہفتے کے بعد ریلیز کریں تو یہ ہماری فلم کے لیے بہترین ہوگا۔

یاد رہے کہ فلم ’شہزادہ‘ کی ہدایت کاری روہت دھون نے کی ہے اور اس فلم میں کارتک آریان کے ساتھ کریتی سینن، پاریش راول اور منیشا کوئرالہ بھی اداکاری کے جوہر دِکھاتے نظر آئیں گے۔

اس فلم کو بھوشن کمار، کرشن کمار، امان گل، ایس رادھا کرشنا اور کارتک آریان نے مل کر پروڈیوس کیا ہے۔