• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرہ خان سے پہلے کرینہ کپور فلم ’ورنہ‘ میں کاسٹ ہونے والی تھی: ہارون شاہد

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی معروف اداکار اور گلوکار ہارون شاہد نے اپنی پہلی فلم ’ورنہ‘ کے حوالے سے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ سُپر اسٹار کرینہ کپور خان کو ابتداً مرکزی کردار کے لیے زیرِ غور لایا گیا تھا۔

ہارون شاہد نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

حالیہ انٹرویو کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہا ہے، جس میں اداکار نے شعیب منصور کی 2017ء میں ریلیز ہونے والی فلم ورنہ کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے اس کی ابتدائی کاسٹنگ سے متعلق ایک غیر متوقع تفصیل بیان کی۔

ہارون شاہد کے مطابق کرینہ کپور ابتدا میں فلم ورنہ کا حصہ بننے والی تھیں، تاہم پہلے بچے کی توقع کے باعث وہ اس منصوبے سے الگ ہوگئیں، جس کے بعد ماہرہ خان کو کاسٹ کیا گیا۔

اداکار نے کہا کہ میرے لیے دونوں اداکاراؤں کا شمار بڑی شخصیات میں ہوتا ہے، ان کے ساتھ کام کرنے کا میرا تجربہ ایک غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

ماہرہ خان سے اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے ہارون شاہد نے ان کی عاجزی اور سادگی سے متاثر ہونے کا بھی اعتراف کیا۔

انہوں نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ پہلی اسکرپٹ ریڈنگ کے دوران میں اپنی جگہ سے اس لیے اٹھنے والا تھا کیونکہ وہاں بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ نہیں تھی، تاہم ماہرہ نے مجھے اُٹھنے سے منع کیا اور کہا کہ میں فرش پر بیٹھ جاؤں گی۔

ہارون شاہد کے مطابق ماہرہ کا یہ انداز میرے ذہن پر دیرپا اثر چھوڑ گیا۔

ہارون نے ماہرہ خان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عاجزی اور کام کے لیے لگن کی تعریف کی۔

واضح رہے کہ شعیب منصور کی تحریر اور ہدایت کاری میں بننے والی فلم ورنہ 2017ء میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں ماہرہ خان اور ہارون شاہد نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

یہ فلم ہارون شاہد کی بطور اداکار پہلی فلم تھی، جس میں انہیں ماہرہ خان کے ساتھ ایک سماجی موضوع پر مبنی فلم میں کام کرنے کا موقع ملا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید