مائیکل جیکسن کا بھتیجا ’کنگ آف پاپ‘ کی جگہ لینے کو تیار

February 01, 2023

فائل فوٹو

پاپ گلوکاری کے بےتاج بادشاہ مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی بائیوپک میں گلوکار کا کردار ان ہی کے 26 سالہ بھتیجے جعفر جیکسن نبھائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی کو فلمانے والے لائنس گیٹ اسٹوڈیو کا کہنا ہے کہ فلم ’مائیکل‘ میں اس پیچیدہ آدمی کو فلمایا جائے گا جو پاپ کا بادشاہ بن گیا،فلم میں ان کی زندگی کے تمام پہلو اور ان کی سب سے قابل ذکر پرفارمنس شامل ہوں گی جنہوں نے اسے موسیقی کی دنیا کا ’آئکن‘ بنا دیا۔

موسیقی کی دنیا کے ’آئکن‘ مائیکل جیکسن کی والدہ کا کہنا ہے کہ جعفر میرے بیٹے کی طرح دکھتا ہے، اسے جیکسن کی میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے دیکھ کر بہت خوشی ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہالی ووڈ کے مایاناز ہدایت کار اینٹون فوکا (Antoine Fuqua) فلم کی ہدایت کاری جبکہ گراہم کنگ (Graham King) فلم کو پروڈیوس کریں گے۔

گراہم کنگ کے مطابق صرف جعفر جیکسن ہی وہ واحد شخص ہیں جو مائیکل جیکسن کے کردار کو باخوبی سے نبھا سکتے ہیں۔ ان میں اپنے چچا کے کردار کو زندہ کرنے کی فطری صلاحیت ہے اور وہ انتظار نہیں کر سکتے کہ دنیا جعفر جیکسن کو مائیکل جیکسن کے طور پر بڑی اسکرین پر دیکھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی فلم میں ان کی زندگی کے سب سے زیادہ متنازع پہلوؤں میں سے ایک ان پر 2005 میں بچوں کے جنسی استحصال کے الزامات میں دائر ہونے والا مقدمے کو براہ راست ۔۔۔ نہیں کیا گیا، جس میں بعدازاں انہیں بری کر دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ جعفر جیکسن مائیکل کے بڑے بھائی جرمین جیکسن کے بیٹے ہیں، جو ایک گلوکار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔

یاد رہے کہ مائیکل جیکسن نے اپنے خاندان کے پاپ گروپ جیکسن 5 کے ساتھ بطور چائلڈ اسٹار کیرئیر کا آغاز کیا تھا لیکن بعدازاں ایک کے بعد ایک دیگر ہٹ سولو البم دے کر موسیقی کی دنیا کے شہنشاہ بن گئے تھے۔