• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری مادری زبان کی فلم انڈسٹری موجود نہیں، کیریئر میں زبان کبھی رکاوٹ نہیں بنی، رشمیکا مندانا

تیلگو اور ہندی فلموں کی معروف اداکارہ رشمیکا مندانا نے کہا کہ مختلف زبانوں میں فلمیں کرنا کبھی کوئی باقاعدہ منصوبہ نہیں تھا، بلکہ یہ سب کچھ خود بخود ہوتا چلا گیا۔

جنوبی بھارتی ریاست کرناٹک کے کوڈاگو ضلع سے تعلق رکھنے والی اداکارہ نے سنیما میں مختلف زبانوں کے ذریعے اپنے فطری اور غیر منصوبہ بند سفر پر روشنی ڈالی۔

واضح رہے کہ رشمیکا تیلگو، اور ہندی کے علاوہ کناڈا اور تامل فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔ 

30 سالہ رشمیکا نے کہا کہ میں ایک کوڈاوا ہوں اور کوڈاوا ٹک زبان بولتی ہوں، ہماری مادری زبان کی کوئی فلم انڈسٹری موجود نہیں ہے، اس لیے میرے کیریئر میں زبان کبھی رکاوٹ نہیں بنی۔ میں تمام زبانوں کو اپنی ہی زبان سمجھتی ہوں۔

انھوں نے کہا کہ میرے مداح جنہیں میں اپنا خاندان کہتی ہوں، سب سے پہلے یہ مشورہ دیتے تھے کہ آپ کو تیلگو فلم کیوں نہیں کرنی چاہیے؟ یہی معاملہ ہندی کے ساتھ بھی ہوا اور اسی طرح میرے فلمی سفر کا دائرہ وسیع ہوتا گیا۔

جب ان سے ان کے لہجے پر ہونے والے ردِعمل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا جب تک میں کسی مخصوص زبان میں پوچھے گئے سوالات کا اسی زبان میں جواب دے سکتی ہوں، میرے لیے یہی کافی ہے۔ میرے خیال میں دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے اپنے ناظرین کا احترام کرنے کا یہی طریقہ ہے۔

انھوں نے کہا فلموں کے حوالے سے اپنے لہجے پر ہونے والی غیر ضروری باتوں پر وہ زیادہ توجہ نہیں دیتیں، بلکہ اپنی اداکاری اور کردار پر توجہ مرکوز رکھتی ہیں۔ بطور اداکارہ میرا کام ہے کہ میں سیٹ پر اچھی کہانیاں سناؤں اور پھر اپنے گھر واپس آ جاؤں۔ 

رشمیکا نے کہا کہ ہر فلم کے ساتھ مجھے یقین ہوتا ہے کہ ہم سب اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لا کر کچھ جادوئی تخلیق کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔ میں صرف اپنے کام پر توجہ دیتی ہوں اور بہترین اداکاری کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔ 

انھوں نے کہا فلم کا حتمی نتیجہ ان تمام لوگوں کی مشترکہ توانائیوں کا مجموعہ ہوتا ہے۔ میں کسی کے کام میں مداخلت کرنا پسند نہیں کرتی، بس اپنی طرف سے بہترین کارکردگی دینے پر توجہ دیتی ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید