تیلگو فلموں کےاداکار بالا کرشنا کو نرس کے بارے میں غیر اخلاقی جملہ مہنگا پڑگیا

February 06, 2023

جنوبی بھارت کی تیلگو فلموں کے معروف اداکار نندا موری بالا کرشنا کو ٹاک شو میں نرس کے حوالے سے غیر اخلاقی ریمارکس دینا مہنگا پڑگیا اور انہیں اس پر معذرت کرنا پڑگئی۔

اپنے ٹیلی وژن ٹاک شو، ’ان اسٹاپ ایبل ودھ این بی کے‘ میں 62 سالہ اداکار، پروڈیوسر اور سیاستداں بالا کرشنا نے اپنے ایک ایکسیڈنٹ کے بعد اسپتال میں اٹینڈ کرنے والی ایک نرس کی خوبصورٹی پر کچھ غیر اخلاقی جملے کہے تھے، جس پر نرسز کے ایک گروپ نے احتجاج کرتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ جنوری کا مہینہ اس مرتبہ ان کے لیے نہایت ہی شاندار رہا، اس کی وجہ ان کے کیریئر کی بڑی بلاک بسٹر فلم ’ویرا سمہا ریڈی‘ بنی جس پر وہ بہت مسرور ہیں۔

لیکن اس سے ہٹ کر انہیں اپنے ٹاک شو میں ادا کیے گئے متنازع جملوں نے مشکل میں ڈال دیا۔

جس پر بعدازاں بالا کرشنا کو اپنے فیس بک پیج پر معذرت کرنا پڑی۔ انہوں نے تحریر کیا کہ وہ نرسنگ کے پیشے کو بدنام کرنے کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کرتے ہیں۔

میں نے جو کچھ کہا تھا اس کا مطلب بالکل تبدیل کردیا گیا، میں نرسوں اور اس پیشے کو بہت زیادہ عزت اور احترام کے درجے پر سمجھتا ہوں، اس کے باوجود اگر میرے لفظوں سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معافی چاہتا ہوں۔