ترکیہ میں زلزلہ: عمارت منہدم ہونے کی ویڈیو وائرل

February 06, 2023

جنوبی ترکیہ اور شمالی شام میں آنے والے زلزلے نے تباہی مچادی۔ اب تک 2 ہزار سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

اس زلزلے نے جانی نقصان کے علاوہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔

ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والی تباہی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ جس میں ایک عمارت کو منہدم ہوتے دیکھا جاستکا ہے۔

ویڈیو میں نظر آنے والی عمارت کو پہلے ہی مخدوش قرار دے کر اس کے آس پاس حفاظتی تار لگادی گئی تھی۔

عمارت کے ساتھ سڑک پر گاڑیاں گزرنے کا سلسلہ جاری تھا، تاہم عمارت عمودی سمت میں گرنے کے بجائے افقی سمت میں گر گئی۔

اس حادثے میں کتنا نقصان ہوا اس حوالے سے کوئی اطلاعات سامنے نہیں آسکیں۔

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں مقامی وقت کے صبح سوا 4 بجے زلزلہ آیا۔

جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق ترکیہ میں آنے والے اس زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔ ریسکیو اداروں کی ٹیموں کے علاوہ مقامی افراد بھی ملبے میں دبے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔