محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پر زیر گردش زلزلے سے متعلق پیشگوئیاں مسترد کردیں

February 08, 2023

محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پر زیر گردش زلزلے سے متعلق پیشگوئیاں مسترد کر دیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلہ قدرتی آفت ہے، اس کا علم پہلے سے نہیں ہو سکتا، پہلے سے زلزلے کا علم ہوتا تو ترکیہ میں اتنا جانی و مالی نقصان نہیں ہوتا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہلکی نوعیت کے زلزلے آتے رہتے ہیں اور آتے رہیں گے، ترکیہ، پاکستان کی فالٹ لائنز میں کوئی مماثلت نہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے کہا کہ زیر گردش زلزلے سے متعلق پیشگوئیوں کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں۔

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں پیر کو آنے والے شدید زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک میں مجموعی طور پر اموات کی تعداد11ہزار 200 سے بڑھ گئی ہے جبکہ سیکڑوں افراد زخمی اور زیر علاج ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ترکیہ میں زلزلے کے باعث 7 ہزار 108 اور شام میں 2 ہزار 547 اموات ہوئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شدید سرد موسم کے باعث امدادی کارکنوں کو زمین بوس عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق صرف ترکیہ میں 8 ہزار سے زائد افراد کو زندہ بھی نکال لیا گیا ہے۔