4 سال تک شوہر کا تشدد برداشت کیا، خوش ہوں طلاق ہوگئی، کومل رضوی

February 09, 2023

پاکستان کی معروف گلوکارہ و اداکارہ کومل رضوی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں طلاق کے حوالے سے کُھل کر بات کی۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیتے ہوئے کومل رضوی کا کہنا تھا کہ ان کے سابق شوہر نفسیاتی مریض تھے جس نے 4 سال کی شادی کے دوران کئی بار انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

گلوکارہ کومل رضوی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے کلچر میں لڑکیوں کو شروع سے شادی کے سُنہرے خواب دیکھا دیئے جاتے ہیں جن کے باعث لڑکی کی 200 فیصد کوشش ہوتی ہے کہ اس کی شادی کسی بھی طرح کامیاب رہے۔

گلوکارہ نے سماج سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی لڑکیوں کو ان کی حد نہیں بتاتا کہ وہ کس حد کے بعد خود پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اُٹھائیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں بھی اس حد کا علم نہیں تھا اور اُس حد کو جاننے میں 4 سال کا وقت لگ گیا، اگر پہلے سے معلوم ہوتا تو شاید صرف 6 ماہ میں طلاق لے کر الگ ہوجاتی، میری زندگی کے 3.5 سال بچ جاتے۔

انہوں نے اپنے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میری طلاق ہوگئی، لیکن افسوس صرف اس چیز کا ہے کہ دیر میں ہوئی۔

کومل رضوی کے مطابق ان کی 21 برس کی عمر میں شادی ہوئی اور پھر 1 برس دبئی اور 3 سال عمان میں رہی۔ اس دوران کئی بار بھوکی پیاسی رہی اور جسمانی تشدد برداشت کیا۔