ترازو کے پلڑے مخصوص جماعت کے حق میں نظر آرہے ہیں، عطاء تارڑ

March 20, 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا کہ ترازو کے پلڑے ایک مخصوص سیاسی جماعت کے حق میں نظر آرہے ہیں، جب تک ترازو کے دونوں پلڑے برابر نہیں ہوتے انتخابات ممکن نہیں ہیں۔ سابق سفارتکار عبدالباسط نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کے میزائل پروگرام سے متعلق کوئی مطالبہ نہیں کرسکتا، اس حوالے سے باتیں صرف قیاس آرائیاں ہیں، یہ ممکن ہے امریکا نے آئی ایم ایف پر اثر انداز ہونے کے بدلے ہمارے میزائل پروگرام سے متعلق کوئی بات کی ہو۔سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ حکومت کو صبر و تحمل کے ساتھ معاملات کرنا ہوں گے ورنہ الجھاؤ کا فائدہ عمران خان کو ہوگا۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے کہا کہ عمران خان باتیں قانون کی حکمرانی کی کرتے ہیں لیکن عمل بالکل مختلف کرتے ہیں۔ عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان میں روایت ہے سیاستدان عدالت کے بلانے پر پیش ہوتے رہے ہیں، عمران خان نے پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت سے دہشتگرد جماعت بنادیا ہے، کالعدم تنظیموں کے دہشتگرد عمران خان کے ساتھ موجود ہیں،زمان پارک اور جوڈیشل کمپلیکس میں انہی دہشتگردوں نے پولیس پر حملے کیے، یہ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں انہیں فری ہینڈ نہیں دیاجاسکتا،آئی ایم ایف سے معاہدہ ہم نے نہیں عمران خان نے کیا تھا، حکومت معیشت بہتر کررہی ہے یہ بات عمران خان کو قبول نہیں ہے، عمران خان اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے، اقتدار نہ ملنے پر وہ ملک کا نقصان کرنے سے بھی باز نہیں آرہے، ہم نے کبھی پرتشدد کارروائیاں نہیں کیں، بادشاہ سلامت نے چار سال میں ہر چیز تباہ کردی۔ سابق سفارتکار عبدالباسط نے کہا کہ آئی ایم ایف سمجھتا ہے پاکستان وعدے پورے نہیں کرسکے گا لیکن یہاں سیاست بھی ہورہی ہے، آئی ایم ایف کی ووٹنگ میں پچیس فیصد امریکا کا اثر و رسوخ ہے، آئی ایم ایف پروگرام سے مذاکرات میں کافی وقت گزر گیا ہے اب تک معاہدہ ہوجانا چاہئے تھا، پاکستان میں حکومت تبدیل ہونے کی وجہ سے بھی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی میں مشکلات پیدا ہوئیں، اسحاق ڈار کہتے تھے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی دنوں کی بات ہے مگر اب وہ دن ہفتوں میں اور ہفتے مہینوں میں تبدیل ہوتے جارہے ہیں۔ عبدالباسط کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کے میزائل پروگرام سے متعلق کوئی مطالبہ نہیں کرسکتا، اس حوالے سے باتیں صرف قیاس آرائیاں ہیں، یہ ممکن ہے امریکا نے آئی ایم ایف پر اثر انداز ہونے کے بدلے ہمارے میزائل پروگرام سے متعلق کوئی بات کی ہو۔