افطار اور پکوڑے لازم و ملزوم ہیں

March 26, 2023

کچھ چیزوں کا بظاہر ایک دوسرے سے کوئی رشتہ، تعلق تو نہیں ہوتا، لیکن وہ ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ٹھہرتی ہیں۔ جیسے، سردیاں اور مونگ پھلی، گرمیاں اور آم، باغ اور تتلیاں، سہیلیاں اور ڈھیر ساری باتیں، بارش اور چائے، سحری اور پراٹھے اور… افطار اور پکوڑے۔ جی ہاں، کوئی خواہ کچھ بھی کہے، لیکن ہمارے یہاں چاٹ، پکوڑوں کے بغیر افطار کا تصوّر بھی محال ہے۔ اب چاہے بیسن گھولتے گھولتے ماؤں، بہنوں، بیویوں کے ہاتھ ہی کیوں نہ گُھل جائیں۔ خیر، تو ماہِ رمضان اپنی رحمتیں، برکتیں لیے سایہ فگن ہو چُکا ہے اور پکوڑوں کی گویا بہار آئی ہوئی ہے۔ تو لیجیے، آج ہماری طرف سے بھی کچھ تراکیب حاضرِ خدمت ہیں۔

چکن پکوڑے

اجزاء : چکن آدھا کلو، پیاز (باریک کٹی ہوئی )ایک پیالی،ہری مرچیں (پسی ہوئی )آٹھ عدد،کالی مرچیں ( پسی ہوئی )آدھا چائے کا چمچ،سفید مرچیں (پسی ہوئی) آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سویا سوس دو کھانے کے چمچ۔ چاول کا آٹا ایک کپ،کاٹیج چیزایک پیالی(کدّو کش کی کوئی)، انڈا ایک عدد، اجوائن آدھا چائے کا چمچ، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ، دہی ایک کپ۔

ترکیب : چکن کو اچھی طرح دھو کر خشک کر لیں اور اس پر نمک اور دہی لگا کر کچھ دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس دوران ایک پیالے میں اجوائن، نمک، چاولوں کا آٹا، ہری، کالی ،سفید اور لال مرچ، پیاز، انڈا اور کاٹیج چیز ڈال کر سب کو اچھی طرح مکس کرلیں اور پھر اس میں چکن شامل کر کے دو سے تین گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس کے بعد ڈیپ فرائی کرکے گرما گرم پیش کریں۔ (ارم خان، لاہور)

دال ماش کے پکوڑے

اجزاء: دال ماش ایک پاؤ، پیاز آدھا پاؤ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، سفید زیرہ ایک چمچ، ہری مرچ دو عدد، ہرا دھنیا تھوڑا سا، نمک اور سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ماش کی دال کو چُن کر رات ہی کو بھگو دیں۔ صبح دال کا پانی نچوڑ کر اسے دردرا سا پیس لیں پھر اس میں پیاز، ادرک، لہسن کا پیسٹ، ہری مرچیں، نمک اور لال مرچ پیس کر ڈال دیں اور اچھی طرح ملا لیں۔ اب اس آمیزے میں تھوڑا سا پانی شامل کر کے پھینٹیں اور تھوڑی دیر کے لیے ایک طرف رکھ دیں۔ افطار سے تھوڑی دیر پہلے تل کر ہری چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

چنے کی دال کے پکوڑے

اجزاء: چنے کی دال ایک پاؤ، پِسی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، پسا ہوا زیرہ دو چائے کے چمچ، باریک کتری ہوئی پیاز ایک پاؤ، نمک حسبِ ذائقہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، کھانے کا سوڈا آدھا چائے کا چمچ،ہری مرچیں آٹھ عدد (باریک کتری ہوئی)، ہرا دھنیا حسبِ ضرورت، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: چنے کی دال کو رات بھر پانی میں بھگو کر رکھیں۔ جب پکوڑے بنانے ہوں تو دال کا پانی نکالیں اور اسے باریک پیس لیں۔ اب اس میں نمک، پسی ہوئی لال مرچ، ہلدی، پسا ہوا زیرہ، کھانے کا سوڈا، پیاز، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں شامل کر کے اچھی طرح ملالیں۔ اس کے بعد تیل گرم کر کے دال کا آمیزہ تھوڑا تھوڑا کر کے پکوڑے کی شکل میں کڑاہی میں ڈالیں اور اچھی طرح تل لیں۔ لیجیے، تیار ہیں، گرما گرم چنے کی دال کے کرسپی پکوڑے۔ (شاہدہ خرم، بھکّر)

سبزی کے پکوڑے

اجزاء: بیسن دو پیالی، میدہ آدھی پیالی،شملہ مرچ، پالک، گاجر، آلو، پھول گوبھی، بند گوبھی دو پیالی، پسا ہوا لہسن ایک چائے کا چمچ، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ،دھنیا دو چائے کے چمچ (بھون کر کوٹ لیں(،زیرہ ایک چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، پسا ہوا انار دانہ ایک چائے کا چمچ، لیموں کا رَس دو چائے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سبزیوں کودھو کر ایک سائز کے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ پھر لال مرچ، دھنیا، زیرہ اور ہلدی ملا کر آدھا مسالا سبزیوں میں شامل کرلیں اور آدھا چھنے ہوئے بیسن، میدے میں ڈال دیں، ساتھ ہی بیکنگ پاؤڈر بھی شامل کرلیں۔ پھر اس میں لہسن کا پیسٹ، نمک ،انار دانہ اور لیموں کا رس شامل کرکے پانی سے گھولتے ہوئے ایک گاڑھا سا آمیزہ بناکر سبزیاں بھی شامل کرلیں۔ گرم تیل میں چھوٹے چھوٹے پکوڑوں کی صُورت تل لیں۔ (سیما علی، گجرات)