شہید بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

March 22, 2023

شہید بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابقشہید بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی نماز جنازہ ریس کورس راولپنڈی میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں صدر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم، حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران اور جوانوں نے بھی نمازہ جنازہ میں شرکت کی۔

حکومتی عہدیدار، ارکان پارلیمنٹ اور عوام کی بڑی تعداد بھی شہید بریگیڈیئر کی نماز جنازہ میں موجود تھی۔

شہید بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آرمی کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

خیال رہے کہ بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی گزشتہ روز انگور اڈا میں دہشتگردوں سے مقابلے میں شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی انسداد دہشتگردی کے آپریشنز میں شامل رہے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے متعدد نیٹ ورک ختم کیے۔

بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی نے آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کو ختم کیا۔