ہاکی، عالمی فیڈریشن کا کھلاڑیوں کی بہبود کے لئے جامع پلان بنانے پر غور

March 26, 2023

کراچی( نصر اقبال،سٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ایک جامع پلان بنانے پر غور شروع کردیا ہے،ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام نے اس کو اپنے صدارتی ایجنڈے کا اہم اور بنیادی موضوع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ اس بات کو کیسے یقینی بنایا جائے کہ پاکستانی خاتون کھلاڑی شاہدہ رضا جیسا سانحہ رونما نہ ہوسکے جو اپنے بیٹے کے علاج کے سلسلے میں غیر قانونی سفر کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہونے کے بعد جان سے چلی گئی، ایف آئی ایچ کے حکام اس سلسلے میں اپنے رکن ممالک کو بھی اعتماد میں لیں گے اور ان سے مشاورت سے حکمت عملی بنائیں گے ،کھلاڑی ایسی کمائی کرنے کے قابل ہوں جس سے وہ اپنا اور اپنے خاندان کا خرچ اٹھا سکیں، تاکہ وہ اس قسم کے سانحات کا شکار نہ ہوں، طیب اکرام نے اس سلسلے میں ایف آئی ایچ اور آئی او سی ایتھلیٹس کمیٹی کے ساتھ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے بارے میں سنجیدگی سے بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اگلے چند ماہ میں مثبت پلان سامنے لایا جائے گا۔