کراچی میں 84 لاکھ 87 ہزار 430 افراد کو گنا جاچکا ہے، چیف شماریات

March 26, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف شماریات نعیم الظفر نے کہا ہے کہ اب تک 60فیصد پاکستان کو گنا جاچکا ہے،کراچی ابھی تک آدھے سے کچھ کم گنا گیا ہے۔ 2017 کی مردم شماری تین سال کی تاخیر سے منظور ہوئی، پاکستان میں وسائل ، نمائندگی ہر صوبے کی آبادی کے لحاظ سے ہوتی ہے،ہم پونے 2 سال سے ڈیجٹیل مردم شماری کی تیاری کررہے تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو پریس بریفننگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں14 کروڑ افراد گنے جاچکے ہیں، پورے پاکستان کے 4 کروڑ گھر ٹیگ ہوچکے ہیں، کراچی میں 84 لاکھ 87 ہزار 430 افراد کو گناجاچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف مردم شماری لازمی ہے، اس سے قبل 6 مردم شماری نان ڈیجیٹل ہوئی ہیں، یہ ساتویں مردم شماری ہے اور پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہے۔ مردم شماری کے لیے میپنگ میں سپارکو اور ڈیٹا اور سیکورٹی کے لئے این ٹی سی اور نادرا کی خدمات لی گئی ہیں۔