یورپی یونین میں بڑی کامیابی

March 30, 2023

معاشی مشکلات سے نبرد آزماپوری پاکستانی قوم کیلئے یہ یقینا ایک بڑی خوش خبری ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے بعد آسٹریلیا، جرمنی ،فرانس، اٹلی ، اسپین اور ڈنمارک سمیت دو درجن سے زائد ترقی یافتہ ملکوں پر مشتمل یورپی یونین نے بھی پاکستان کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے حوالے سے خطرناک ملکوں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔ وفاقی وزیر تجارت نوید قمر کے مطابق اس طرح پاکستان نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے جس کے بعدپاکستانی اشیا یورپی یونین برآمد کرنے والے تاجروں پر یورپ کے قانونی اور معاشی اداروں کی اضافی شرائط لاگو نہیں ہوں گی اور انہیں جانچ پڑتال کے خصوصی مراحل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ ہائی رسک فہرست دہشت گردوں کو مالی وسائل کی فراہمی روکنے کے خراب انتظام کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس فہرست سے نام نکال دیے جانے سے واضح ہے کہ پاکستان نے اپنے نظام کی خامیوں کو دور کرلیا ہے ۔ یورپی یونین نے پاکستان کو پانچ سال پہلے ہائی رسک فہرست میں شامل کیا تھا جس سے ہماری معیشت پر سخت منفی اثرات مرتب ہوئے۔ برطانیہ جو تین سال پہلے یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرچکا ہے ، اس کی جانب سے بھی گزشتہ سال نومبر کے وسط میں پاکستان کو ہائی رسک ملکوں کی فہرست سے نکالا جاچکا ہے جبکہ اس سے محض تین ہفتے پہلے ایف اے ٹی ایف نے اپنی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکال دیا تھا۔ان بین الاقوامی فیصلوں نے دنیا کے ایک بڑے حصے تک پاکستانی زرعی اشیاء اور مصنوعات کی آسان رسائی کی راہ ہموار کردی ہے اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی برآمد کنندگان کو ملک کے اندر وہ تمام مطلوبہ سہولتیں مہیا کی جائیں جو انہیں عالمی منڈی میں مسابقت کے قابل بناسکیں تاکہ معاشی بحالی کا عمل تیز ہو اور ملک کم سے کم ممکنہ مدت میں اس سنگین اقتصادی بحران سے نجات پاسکے جو ایک بڑی حد تک ہماری ماضی کی غلطیوں کا نتیجہ ہے۔