رولز بنائے جانے تک ازخود نوٹس والے تمام کیسز ملتوی، جسٹس فائز کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کا اکثریتی فیصلہ

March 30, 2023

اسلام آباد (اے پی پی) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آئین کے آرٹیکل (184)3 کے تحت جاری سماعتیں روکنے کا حکم دے دیا ہے۔بدھ کو یہ حکم جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد امین اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل تین رکنی بینچ نے دیا ہے۔جسٹس شاہد وحید نے فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔ جسٹس امین اختلافی نوٹ بعد میں جاری کریں گے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 184 تھری کے تحت مقدمات میں اپیل کا حق نہیں ہے۔از خود نوٹس لئے جانے اور مقرر کرنے کا کوئی طریقہ موجود نہیں ہے ،سپریم کورٹ چیف جسٹس اور سولہ ججز پر مشتمل ہوتی ہے۔ اکیلے چیف جسٹس سولہ ججز کی وزڈم استعمال نہیں کر سکتے، سپریم کورٹ کو اس ضمن میں رولز بنانے کا اختیار حاصل ہے، جب تک آئین کے آرٹیکلز 191کے تحت رولز نہیں بنتے ایسی تمام جاری سماعتیں روک دی جائیں۔یہ فیصلہ میڈیکل کالجز میں حافظ کو اضافی بیس نمبر دینے کے ازخود نوٹس کیس میں سنایا گیا۔