پی ٹی آئی کارکنوں نے شورش برپا کی، قانون شکنوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ

May 10, 2023

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران نیازی کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے متعدد سرکاری گاڑیوں سمیت پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں، واٹر ٹینکرز اور کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کو نذر آتش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری ان کے خلاف نیب میں دائر ایک مقدمہ کی صورت میں عمل آئی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران نیازی کی گرفتاری قانون کے مطابق کی گئی ہے جس کی تصدیق اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی کی جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے ملک بھر میں انتشار و شورش برپا کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں خاص طور پر کراچی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شاہراہ فیصل اور چند دیگر سڑکوں کو بلاک کیا جس سے لاکھوں لوگوں کو اپنے دفاتر اور گھروں تک پہنچنے میں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے لوگوں کو اپنی پروازوں کے لیے ایئرپورٹ پہنچنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے متعدد سرکاری گاڑیوں سمیت پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں، واٹر ٹینکرز اور کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کو نذر آتش کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پرائیویٹ گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچایا جس کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو ہدایت کی کہ امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ضلعی انتظامیہ کو سرکاری اور نجی املاک کی حفاظت کے ساتھ ساتھ آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے سڑکوں سے رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی تاکہ لوگ بنا کسی پریشانی کے اپنی منزلوں تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا پولیس امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی سرکاری یا نجی املاک کو مزید نقصان پہنچانے سے روکنے کے لیے گرفتاریاں اور سڑکوں کی کلیئرنس سمیت ضروری اقدامات کرے۔

ضلعی انتظامیہ/سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ (SSWMB) نے سڑکوں سے ملبہ اٹھایا، جبکہ جلائی گئی/نقصان زدہ گاڑیوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے گزشتہ رات کئی علاقوں کا دورہ کیا تا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے، اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ اگر کوئی انتشار پھیلانے کی کوشش کرے یا سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کرے تو اس کے ساتھ قانون کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بدھ کی صبح اور سہ پہر کو بھی اہم علاقوں اور سڑکوں کا دوبارہ جائزہ لیا۔

انہوں نے کراچی کے پُرامن باشندوں پر زور دیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور ہر شہری کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلیے قانون کی پاسداری کریں۔