دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پاکستان نے یو این کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس کے جنگ بندی کے معاہدے پر بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ سیکریٹری جنرل یو این کا بیان جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کے لیے مثبت پیش رفت ہے، پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کو خطے کے امن کیلئے ناگزیر قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں، کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن و علاقائی استحکام میں کردار کو اہمیت دیتا ہے۔
خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ سمیت عالمی برادری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گوتریس کو امید ہے کہ سیز فائر تناؤ میں کمی کے لےی مثبت اقدام ہو گا، امید ہے کہ یہ معاہدہ دیر پا امن اور وسیع باہمی مسائل حل کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گا، خطے میں امن و سلامتی کی کوششیں کی حمایت کرتے ہیں۔
برطانیہ، سعودی عرب، یو اے ای، ایران اور جرمنی سمیت متعدد ممالک نے بھی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔