شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی، آرمی چیف

May 25, 2023

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ تکریمِ شہداء پاکستان کے موقع پر آرمی چیف نے اسلام آباد پولیس کے افسران، جوانوں اورشہدائے پولیس کے لواحقین سے خطاب کیا۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا، وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نا تو معاف کرے گی اور نا ہی بھولے گی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور آئی جی پولیس اسلام آباد پولیس شہدا کی تصاویر دیکھ رہے ہیں۔

سپہ سالار نے کہا کہشہدا کو اللّٰہ نے حیاتِ جاوداں عطا فرمائی، اُن کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کرسکتا، ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج، پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔

جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ عوام اور فوج شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔