زائرہ وسیم شادی میں نقاب پہن کر کھانے والی خاتون کی حمایت میں بول پڑیں

May 29, 2023

زائرہ وسیم، فائل فوٹو

اسلام کی خاطر 2019ء میں بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی زائرہ وسیم شادی میں نقاب پہن کر کھانے والی خاتون کی حمایت میں سامنے آگئی ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے شادی میں نقاب پہنے کھانا کھاتی ایک خاتون کی تصویر شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ’کیا یہ انسان کا انتخاب ہے؟‘

زائرہ وسیم نےاس صارف کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ میں نے حال ہی میں ایک شادی میں شرکت کی تھی اور خالصتاً اپنی مرضی سے بالکل اسی طرح کھانا کھایا۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ یہاں تک کہ وہاں میرے آس پاس موجود ہر شخص مجھے تنگ کرتا رہا کہ میں نقاب اتار دوں لیکن میں نے نقاب اُتارنے سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ 22 سالہ زائرہ وسیم نے بالی ووڈ کو خیرباد کہنے سے پہلے کچھ انتہائی دلکش اور اثر انگیز کردار ادا کیے تھے۔

اُنہوں نے 2016ء میں مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی فلم ’دنگل‘ سے ڈیبیو دیا پھر2017ء میں ایک بار پھر عامرخان کے ساتھ فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ میں نظر آئیں۔

دونوں ہی فلموں نے زائرہ وسیم کو بھارتی فلم انڈسٹری کا ایک اہم حصّہ بننے میں مدد دی۔

یہی نہیں بلکہ اُنہوں نے بالی ووڈ انڈسٹری چھوڑنے سے پہلے عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے ساتھ فلم ’اسکائی از پنک‘ میں بھی کام کیا۔