آئندہ بجٹ ٹیکس فری نہیں دے سکتے، عائشہ غوث پاشا

June 01, 2023

وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں مہنگائی کنٹرول کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے، آئندہ بجٹ میں خسارے اور مہنگائی کا توازن قائم کرنا ہوگا، آئندہ بجٹ ٹیکس فری نہیں دے سکتے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ ٹیکس آمدن نہ بڑھائی تو خسارہ بے قابو ہوجائے گا، معیشت میں اتنا بگاڑ ہے کہ یکا یک سب ٹھیک نہیں ہوسکتا، معیشت کا بگاڑ ٹھیک کرنے میں مزید کئی ماہ لگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت کی معاشی کارکردگی بہتر نہیں۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت مہنگائی کے خلاف ایکشن لینے میں سست ہیں۔

عائشہ غوث نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگراں حکومتیں ذخیرہ اندوزوں کےخلاف بھرپور کارروائیاں نہیں کر رہیں، نگراں حکومتیں ناجائز منافع خوری اور پرائس مانیٹرنگ میں ناقص کارکردگی دکھا رہی ہیں۔

دوسری جانب اجلاس کے دوران رکن کمیٹی صلاح الدین اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔

صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ چمن میں صرف 2 گھنٹے بجلی آتی ہے، چمن میں پورے ملک سے مہنگی چینی ہے۔