خواجہ آصف نے عمران خان کو نریندر مودی سے زیادہ خطرناک قرار دے دیا

June 01, 2023

وزير دفاع خواجہ آصف نے چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے زیادہ خطرناک قرار دے دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پاکستان کا اندرونی دشمن قرار دے دیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ لوگ ابھی انہيں پہچان نہيں رہے، 9 مئی کو فوجی تنصیبات پرحملہ ہوا جو دشمن کبھی نہیں کر سکا تھا، صرف بیرونی خطرہ ہی نہیں، اندرونی دشمن ہماری سلامتی کیلئےخطرہ ہے، فوجی تنصیبات پر حملے کے مقدمات ملٹری ایکٹ کے تحت ہی چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے فیصلے کے خلاف اپیل پر آرمی چیف فیصلہ کریں گے، آرمی چیف کے فیصلے کے بعد سویلین عدالتوں میں بھی اپیل کاحق ہوگا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ فواد چوہدری جیل میں شاہ محمود قریشی کو ورغلانے گئے تھے، شاہ محمود قریشی پی ٹی آئی چھوڑیں گے یا نہیں کچھ نہیں کہہ سکتا، شاہ محمودقریشی سیاسی کیریئر میں کئی پارٹیاں بدل چکے ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بجٹ 24 جون کو پیش کیا جائے گا اور بجٹ سے پہلے پیٹرول مزید سستا ہوگا، آئی ایم ایف کو ٹارگٹڈ سبسڈی پر کوئی مسئلہ نہیں، آئی ایم ایف نے اب ہمیں سیاست پر ڈکٹیشن دینا شروع کردی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جہانگیر ترین کے پاس جو لوگ جا رہے ہیں وہی انھیں پی ٹی آئی میں لے کر گئے تھے، میری ذاتی رائے میں الیکشن کے بعد بھی قومی حکومت بننی چاہیے۔