پولیو ٹیم کو بچانے والے سپاہی ثاقب الرحمان شہید کی نماز جنازہ ادا

June 01, 2023

سپاہی ثاقب الرحمان شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی ثاقب الرحمان شہید کی نماز جنازہ پہلے بنوں پھر مردان میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ثاقب الرحمان شہید گزشتہ رات شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی ثاقب الرحمان شہید نے پولیو ٹیم کے تمام ممبران کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اپنی جان کی قربانی دی۔ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ یہ قربانیاں دہشتگردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کا عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔