شہباز اردوان ملاقات، پاکستانی آم گفتگو کا مرکز

June 04, 2023

اسکرین گریب—بشکریہ سوشل میڈیا

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ سے غیر رسمی گفتگو ہوئی، جس کا مرکز پاکستانی آم رہے۔

شہباز شریف، ترک صدر اردوان اور ان کی اہلیہ کے درمیان خوش گوار انداز میں گفتگو ہوئی۔

اس گفتگو کی خاص بات یہ تھی کہ پاکستانی آم دونوں رہنماؤں کی گفتگو کا مرکز بنے رہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپ کے بطور صدر انتخاب پر پاکستان کے عوام ترک عوام سے زیادہ خوش ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپ کے لیے آموں کا تحفہ لایا ہوں، آدھے آم اپنے بھائی اور آدھے بہن کے لیے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی بات پر صدر اردوان اور ان کی اہلیہ بے ساختہ مسکرا دیے اور انہوں نے شکریہ ادا کیا۔

صدر اردوان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ مجھےعلم ہے کہ پاکستان کے آم بہت لذیذ اور میٹھے ہوتے ہیں۔

اردوان کیبیگم نے بھی شہباز شریف کی طرف سے پاکستانی آم کے تحفے کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اب واپس روانہ ہو رہا ہوں، آپ کی دعوت کا بہت شکریہ، آپ نے اپنی خوشیوں میں شریک کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپ کے تمام اہلِ خانہ کو مبارک باد پیش اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔

صدر اردوان نے نیک تمناؤں کے اظہار پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کا شکریہ کہ آپ تشریف لائے۔