بلوچستان سے عازمین حج کیلئے حجاز مقدس کا سفر آسان ہوگیا

June 05, 2023

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) بلوچستان سے عازمین حج کیلئے حجاز مقدس کا سفر آسان ہو گیا۔ کوئٹہ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایک اور سنگ میل طے ہو گیا۔ کوئٹہ سے براہ راست سعودی عرب حجاج کی پروازوں کا آغاز دن رات شروع کر دیا گیا۔ پہلی نائٹ لینڈنگ پی کے 747نے کیٹگری ٹو رن وے پر گزشتہ رات کی۔ یہی پرواز بعدازاں 145عازمین حج کو لیکر کوئٹہ سے مدینہ پہنچ گئی۔ گزشتہ رات کوئٹہ ائرپورٹ کے نئے رن وے پر اترنا انتہائی خوشگوار تجربہ تھا۔ پی آئی اے کے ہوا بازوں نے کہا کہ اس سے پہلے پی کے 6137تین سو عازمین کو لیکر مدینہ پہنچی ہے۔ اس سے قبل کوئٹہ سے عازمین حج کو پہلے کراچی تک کا بائی روڈ سفر کرنا پڑتا تھا‘ حال ہی میں اپ گریڈڈ 12ہزار فٹ رن وے کی بدولت براہ راست پروازیں شروع ہو گئی ہیں۔ نئے رن وے پر کیٹگری ٹو جدید ائرفیلڈ لائٹنگ سے ہر قسم کے موسمی حالات میں دن کے علاوہ رات کو بھی مسافر بردار طیارے لینڈنگ اور ٹیک آف کر سکیں گے۔ رن وے کی بدولت وائیڈ باڈی جہاز (کثیر الجسامت ائربس طیارے) اب کوئٹہ ائرپورٹ سے دن رات لینڈ اور ٹیک آف کیا کرینگے۔