پشاور بی آر ٹی بسیں چلانے والی نجی کمپنی نادہندہ نکلی

June 05, 2023

پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کی بسیں چلانے والی نجی کمپنی بھی خیبر پختونخوا حکومت کی نادہندہ نکلی۔ نجی کمپنی نے جولائی 2021 سے صوبائی حکومت کو کرایہ دینا بھی بند کردیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے جی ٹی روڈ پر 20 کنال اراضی نجی کمپنی کو لیز پر دی تھی۔ جس کی مدت اکتوبر 2022 میں ختم ہوگئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق نجی کمپنی نے جولائی 2021 سے صوبائی حکومت کو کرایہ دینا بھی بند کردیا ہے۔ کمپنی کے ساتھ 16 لاکھ 56 ہزار ماہانہ کرایہ کا معاہدہ طے پایا تھا۔

نگراں وزیر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا شاہد خٹک نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجی کمپنی کرایوں کی مد میں حکومت کی 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کی مقروض ہے۔

نجی کمپنی سے معاہدہ ختم ہوگیا، لیکن کمپنی نے سرکاری اراضی پر اب بھی ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے۔ بی آر ٹی کی مد میں نجی کمپنی کے بھی حکومت پر 75 کروڑ روپے سے زیادہ بقایا جات ہیں۔ جن کی ادائیگی سے متعلق نجی کمپنی نے حکومت کو خط بھی لکھا تھا۔