تحریک لبیک کا پاکستان بچاؤ مارچ کل لاہورمیں داخل ہوگا

June 06, 2023

لاہور(خبرنگار)تحریک لبیک کا پاکستان بچاؤ مارچ مرکزی قائدین ایک بڑے قافلے کے ہمراہ کل بروز بدھ شہر میں داخل ہوگا۔ تحریک لبیک پاکستان ڈویژن وضلع لاہور کا مشترکہ اجلاس ضلع لاہور کے آفس میں ڈویژنل امیر حاجی صدیق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ علامہ عباس انجم، سید نذیر احمدشاہ نے کہا کہ پاکستان بچاؤ مارچ کے قائدین اور شرکاء کا لا ہور پہنچنے پر فقیدالمثال تاریخی شاندار استقبال کرینگے۔ٹھوکر نیاز بیگ سے جامع مسجد رحمتہ للعامین مزار امیرالمجاہدین تک جگہ جگہ استقبال کے لیے ویلکم کیمپ لگائے جائیں گے۔قائدین اور شرکاء کا جامع مسجد رحمتہ للعامین پہنچنے پر مرکزی کیمپ پر تاریخی استقبال کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر حالیہ گستاخیوں،بڑھتی ہوئی مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت اور پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچانے کے خلاف اور قوم کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے عوام کو بھر پور طریقے سے سڑکوں پر آنا ہوگا۔