آئی جی نے اوور سیز پاکستانیوں کیلئے پنجاب پولیس ایپ متعارف کروا دی

June 06, 2023

لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے اوور سیز پاکستانیوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے پنجاب پولیس ایپ متعارف کروا دی۔ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ایپ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی کسی بھی مشکل کی صورت میں پنجاب پولیس سے فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا اگر آپ پاکستان سے باہر ہیں تو پنجاب پولیس ایپ جبکہ اندرون ملک ہونے کی صورت 1787 پر براہ راست اپنی درخواستیں دیں گے، لیگل برانچ آپ کی بھر پور معاونت کرے گی ۔ڈاکٹرعثمان انور نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ ان کی غیر موجودگی میں اکثر فراڈ ہو جاتا ہے، ہر ضلع میں اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کے لئے ہیلپ لائن، ڈیسک، چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں مناسب فورم موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی مدد یا داد رسی نہ ہونے کے عمومی تاثر کو بدلنے کیلئے تمام آر پی اوز ، ڈی پی اوز کو بھی ہدایات دے دی گئی ہیں۔انہوں نے اوورسیز کوپیغام دیاکہ پاکستان میں آئیے انویسٹمنٹ کیجئے،پنجاب پولیس آپ کو اور آپ کی انویسٹمنٹ کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔آئی جی نے یکم جون کوشاہدرہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی کانسٹیبل عدنان کی میو ہسپتال میں عیادت بھی کی۔