ریال میڈرڈ کے کریم بینزیما بھی سعودی کلب میں شامل

June 07, 2023

فوٹو، عرب میڈیا

کرسٹیانو رونالڈو کے بعد ریال میڈرڈ کے کریم بینزیما بھی سعودی فٹبال کلب میں شامل ہوگئے ہیں۔

فرانسیسی فٹبالرکریم بینزیما نے 648 میچ کھیل کر 14 سال بعد ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ کو خیرباد کہنے کے بعد سعودی فٹبال کلب ’الاتحاد‘ کے ساتھ معاہدہ طے کرلیا ہے۔

اس حوالے سے ’الاتحاد‘ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں کریم بینزیما کو سعودی فٹبال کلب کے ساتھ2026ء تک کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس ویڈیو کے آخر میں فرانسیسی اسٹرائیکر نے عربی زبان میں سعودی فٹبال کلب’الاتحاد‘میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ ’میں آپ کو جدہ میں دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہوں‘۔

اب کریم بینزیما اپنے ساتھی کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہیں جوکہ اب سعودی فٹبال کلب’النصر‘ کا حصّہ ہیں۔

35 سالہ کریم بینزیما 2009ء سے ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرتے نظر آرہے ہیں اور اب تک اُنہوں نے چیمپئنز لیگ کی 5 ٹرافیوں سمیت کئی کلب ٹائٹلز جیتے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب دنیا بھر سے فٹبال کے شاندار ٹیلنٹ کو اپنی فٹبال لیگ کی جانب راغب کرنے کا خواہشمند ہے اور اس مقصد کے لیے مبینہ طور پر 10 سے زائد ایسے کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی گئی ہے جنہوں نے چیمپئنز لیگ یا ورلڈ کپ جیتا ہو۔