فواد چوہدری عنقریب وضاحت دیں گے، عون چوہدری کا فواد کے منہ چھپانے پر ردعمل

June 08, 2023

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما عون چوہدری نے پارٹی کے قیام کے اعلان کے موقع پر فواد چوہدری کی جانب سے منہ چھپانے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد جلد وضاحت کریں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عون چوہدری کا کہنا تھا کہ میں نے چہرہ چھپاتے ہوئے کسی کو نہیں دیکھا، فواد چوہدری عنقریب سامنے آئیں گے اور وضاحت کریں گے۔ چہرہ چھپانے والی ایسی کوئی بات نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چند روز بعد جہانگیر ترین اسلام آباد آئیں گے جہاں مزید لوگ جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے۔ بہت سارے لوگ ترین سے رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علی زیدی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی ارکان میں سے تھے، عامر کیانی 30 سال سے چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ تھے۔ عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی میں بال سفید کرلیے۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پہلے بھی جیتے تھے، اب بھی الیکشن میں جیت جائیں گے۔ اپنی محنت سے یہ لوگ جیت کر دکھائیں گے۔

عون چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے نفرت کی سیاست نہیں کرنی، ہم نفرت کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم ملک کو آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں اپوزیشن اور حکومت مل کر آگے چلے اور ملک ترقی کرے۔