سوئیڈن شمولیت سے قبل ہی نیٹو فوجی دستوں کیلئے اڈے قائم کرے گا

June 09, 2023

سوئیڈن کے فوجی اہلکار

سوئیڈن باضابطہ طور پر فوجی اتحاد میں شمولیت سے پہلے ہی نیٹو فوجی دستوں کیلئے اپنے یہاں اڈے قائم کرے گا۔

سوئیڈن کے وزیراعظم الف کرسٹرسن اور وزیر دفاع پال جانسن کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سوئیڈش مسلح افواج نیٹو کے ساتھ تیاری کرسکتی ہیں اور نیٹو ممالک بھی مستقبل میں مشترکہ آپریشن کرسکتے ہیں۔

سوئیڈن نے پچھلے سال نیٹو میں شمولیت کیلئے درخواست دی تھی لیکن ترکیہ اور ہنگری کی طرف سے اعتراضات کے بعد یہ معاملہ زیر التوا ہوا۔

اگلے ماہ لتھوانیا میں نیٹو سمٹ کے دوران سوئیڈن کو نیٹو میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

سوئیڈن کے وزیراعظم اور وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان تیاریوں میں عارضی طور پر غیر ملکی ساز و سامان کو ذخیرہ کرنے اور اہلکاروں کو اڈے دینا شامل ہے۔

سوئیڈش اخبار کیلئے تحریر کردہ مشترکہ مضمون میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ روس کیلئے واضح اشارہ ہے اور سوئیڈن کے دفاع کو مضبوط کرتا ہے۔

انہوں نے مستقبل میں روس کو پڑوسی ممالک کیلئے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ یہ بات غیر یقینی ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن کے علاقائی مقاصد کس حد تک جاسکتے ہیں۔