موہن لال، اجے دیوگن کے مداحوں کےلیے بڑی خبر آگئی

June 14, 2023

باکس آفس پر دھوم مچانے والی فلم سیریز دریشم کے ملیالم اور ہندی میکرز نے تیسرا حصہ ساتھ ریلیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سسپنس اور تھرل سے بھرپور فرنچائز دریشم، دریشم 2 کو بنانے والوں نے موہن لال اور اجے دیوگن کے مداحوں کو سرپرائز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

موہن لال کی ملیالم فلم دریشم کا پہلا حصہ 2013ء میں ریلیز کیا گیا جبکہ اجے دیوگن کی اداکاری پر مشتمل اس کا ری میک 2015ء میں سنیما گھروں کی زینت بنا۔

موہن لال کی شاندار اداکاری سے مزین فلم کا دوسرا حصہ2021ء میں مداحوں کو دیکھنے کو ملا جبکہ اجے دیوگن کو پرفارمنس دیتے ہوئے اُن کے چاہنے والوں نے 2022ء میں دیکھا۔

اس بار دریشم 3 کو 2024ء میں موہن لال کے ملیالم اور اجے دیوگن کے ہندی ورژن کے ساتھ ایک ہی دن ریلیز کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

دونوں ورژن کے فلم میکرز نے تاریخی فیصلہ اس لیے کیا ہے تاکہ فلم کا آخری حصہ دیکھنے والوں کےلیے ناقابل فراموش بنایا جاسکے۔

دریشم 3 کے میکرز کا خیال ہے کہ ہندی اور ملیالم انڈسٹریز کے اس فیصلے سے تاریخ بدل جائے گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹکے مطابق خیال ہے کہ دریشم 3 کی دونوں ورژن کی شوٹنگ ایک ساتھ ہو اور اسے پورے بھارت میں ایک ہی تاریخ پر ریلیز کیا جائے۔

اس طرح ایک طرف موہن لال کے فین فلم کو ملیالم میں دیکھیں گے تو اجے دیوگن کے مداح اس سے ہندی میں محظوظ ہوں گے۔

فلم کا اسکرین پلے فائنل ہونے کے بعد اس کے تیلگو ورژن کے پروڈیوسر کو منصوبے کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔