فکرے فرنچائز کو 10 سال ہوگئے، لیکن کیا آپ کو پتا ہے پنکج تریپاٹھی کی انگریزی اسکرپٹ کا حصہ نہیں تھی؟
بالی ووڈ اداکار پنکج تریپاٹھی نے فلم فکرے کے ابتدائی 2 حصوں میں پنڈت جی کا کردار نبھایا، پہلے حصے میں تو اُن کے بہت ہی کم سین تھے لیکن دوسرے پارٹ میں ان کا رول بڑھا دیا گیا۔
وہ فلم فرنچائز کے 10 سال مکمل ہونے پر حیرت زدہ ہیں، یقین ہی نہیں کر پارہے ہیں کہ فکرے کی ریلیز کو ایک دہائی گزر چکی ہے۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ مجھے تو پتا ہی نہیں چلا یہ 10 سال کیسے گزر گئے، لیکن آج بھی مجھے اس سے جڑی ہر بات اچھے سے یاد ہے۔
پنکج تریپاٹھی نے مزید کہا کہ فلم میں اپنے کردار کے آڈیشن کےلیے گیا اور 2 سین کیے، پھر میری کاسٹنگ ہوگئی، پہلے حصے میں میری شوٹنگ صرف 10 دن تک جاری رہی، دراصل میرا کردار کالج کے اندر ایک کیبن تک محدود تھا، پہلے حصے میں صرف 2 بار میں کیبن سے باہر نکلا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فکرے فرنچائز اور میری گروتھ میں بہت کچھ ایک جیسا ہے، میں نے پنڈت کے چھوٹے سے رول سے شروع ہوکر فلم کے تیسرے حصے تک اپنے بڑے کردار کےلیے لڑائی خود لڑی ہے۔
کامیڈی فلم کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے پنکج تریپاٹھی نے کہا کہ فلم کے تمام کرداروں سے سیٹ پر پہلی بار ملاقات ہوئی، ہم شوٹنگ کے دوران دہلی میں خوب گھومتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ نہیں جانتے ہوں گے کہ فلم میں انگریزی کی میری مضحکہ خیز لائنیں اصل اسکرپٹ کا حصہ نہیں تھیں۔
ہوا کچھ یوں کہ سیٹ پر میرے انگریزی میں کیے گئے تبصرے پر سب کی ہنسی چھوٹ گئی، جس کے بعد ہدایتکار نے مجھ سے دوران شوٹنگ انگریزی کے جملے کہلوائے۔