رونالڈو نے پھر اسلامی طرز اپنا کر مداحوں کے دل جیت لئے

July 14, 2023

فائل فوٹو

پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اسلامی طرز اپنا کر اپنے مسلمان مداحوں کا دل جیت لیا۔

خیال رہے کہ اسٹار فٹ بالر ان دنوں النصر کلب فٹ بال کلب کا حصہ ہیں۔

اب حال ہی میں النصر کلب نے اپنے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کرسٹیانو رونالڈو کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہیں اسلامی طریقے سے سلام کرتے اور گرمجوشی سے ملتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں پرتگالی اسٹار فٹ بالر کو پرتگال میں جاری کلب کے تربیتی کیمپ میں مداحوں کو ’سلام علیکم‘ کہہ کر استقبال کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

النصر کے آفیشل اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ’ وہ یہاں ہے! ’السلام علیکم‘ دنیا کے سب سے بہترین فٹ بالر کی طرف سے، اپنے کلب کے تربیتی کیمپ میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے‘۔

مسلم ثقافت کا طرز اپناتے ہوئے اسلامی طریقے سے سلام کرکے پرتگالی فٹ بالر نے اپنے مداحوں کے دل جیت لیے۔ ان کے اس انداز کو ان کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

گوکہ یہ عمل نہایت سادہ دکھائی دیتا ہے لیکن اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسٹار فٹ بالر سعودی کمیونٹی کو کس قدر احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی پرو لیگ میں النصر کی فتح کا جشن مسلمانوں کی طرح سجدہ ریز ہوکر منایا تھا۔